Thursday, April 25, 2024

کراچی صدر کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کرنیوالے مبینہ دہشت گرد کا سراغ مل گیا

کراچی صدر کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کرنیوالے مبینہ دہشت گرد کا سراغ مل گیا
May 13, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - حکام نے کراچی صدر کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کرنیوالے مبینہ دہشت گرد کا سراغ لگا لیا۔ تفتیشی حکام نے مبینہ مشتبہ شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔

ویڈیو میں مشتبہ شخص کو ہوٹل کے بینچ پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔ مشتبہ شخص کالے رنگ کے کپڑے پہنے ہوا تھا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے مشتبہ شخص نے جونہی جیب میں ہاتھ ڈالا اور سڑک کی جانب دیکھا تو زور دار دھماکا ہو گیا اور بھگدڑ مچ گئی ،ساتھ ہی  مشتبہ شخص بھی بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ادھر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے دھماکے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کے دھماکہ صوبے کا امن خراب کرنے کی سازش ہے۔

دھماکے سے جاں بحق شخص کی شناخت عمر  کے نام سے ہوئی ہے۔ ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق تمام افراد کے زخموں کی نوعیت ایک ہی ہے اور سب  بال بیرنگ لگنے سے زخمی ہوئے۔ جناح اسپتال میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی زخمیوں کی عیادت کی۔  

بم ڈسپوزل سکواڈ نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے دھماکا خیز مواد سائیکل کے پیچھے کیریئر پر رکھا گیا تھا جسے سیفٹی ڈیوائس کی مدد سے پھاڑا گیا جبکہ دیسی ساختہ بم میں ایک کلو سے زائد دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ بھی شامل کیے گئے تھے۔ بظاہر لگتا ہے کہ شر پسندوں کا کوئی خاص ہدف نہیں تھا تاہم تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔