Monday, September 16, 2024

کچے اور پکے میں سب جگہ آپریشن ہوگا، نگراں وزیر داخلہ سندھ کا ٹارگٹڈ آپریشن کا اعلان

کچے اور پکے میں سب جگہ آپریشن ہوگا، نگراں وزیر داخلہ سندھ کا ٹارگٹڈ آپریشن کا اعلان
September 3, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - نگراں وزیر داخلہ سندھ نے امن کیلئے ایک ہفتے میں ٹارگٹڈ آپریشن کا اعلان کردیا۔ حارث نواز نے کہا کہ کچے اور پکے میں سب جگہ آپریشن ہوگا، تیاری جاری ہے، کراچی اور اندرون سندھ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں رینجرز بھی شریک ہوگی، سندھ میں تمام ایس پیز تبدیل کیے جا رہے ہیں، باکردار لوگ لگائیں گے، کسی کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کررہے۔

نگراں وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اگر نیب یا دیگر کیسز ہیں تو کارروائی ہورہی ہے، نگراں حکومت کو ووٹ نہیں چاہیے، کوئی سیاسی دباؤ ہے نہ لے گی، رانی پور واقعہ کے بعد تمام درگاہوں میں سرچ آپریشن کیا جائے گا، نجی طور پر قائم درگاہوں کو بھی سرکاری تحویل میں لیا جائے گا۔

حارث نواز نے ایس ایس پیز کی تبدیلی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ تبدیلیوں کے بعد آپ کو ایکشن نظر آئے گا۔ سکھر کے صحافی جان محمد مہر کے قتل کیس پر بولے ہمیں پتہ ہے قاتل کہاں موجود ہیں۔

نگراں وزیرداخلہ سندھ کا کہنا تھاکہ ہم پر کوئی سیاسی دباؤ ہےنہ سیاسی انتقام کا حصہ بنیں گے۔ جیسے ہی انتخابات کی تاریخ ملی ہدایات جاری کردینگے۔