Thursday, March 28, 2024

کراچی مقابلے میں ہلاک دہشتگرد اللہ ڈینو آئی ای ڈی بم بنانے کا ماہر تھا، مرتضیٰ وہاب

کراچی مقابلے میں ہلاک دہشتگرد اللہ ڈینو آئی ای ڈی بم بنانے کا ماہر تھا، مرتضیٰ وہاب
May 19, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بولے کراچی میں مقابلے میں ہلاک دہشت گرد اللہ ڈینو آئی ای ڈی بم بنانے کا ماہر تھا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سی ٹی ڈی افسران کے ساتھ پریس کانفرنس میں بتایا کہ صدر دھماکے میں اللہ ڈنو نامی دہشتگرد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے۔ دہشت گرد جائے وقوعہ پر موجود تھا، دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول دھماکہ کیا۔

واقعے کی ذمے داری کالعدم ایس آر اے نے قبول کی تھی، 12 مئی سے تمام ادارے مل کر کام کررہے تھے۔ 18 مئی کو سی ٹی ڈی آپریشن کے دوران اللہ ڈنو اپنے ساتھی نواب علی سمیت مارا گیا۔

ڈی آئی سی ٹی ڈی سید خرم کے مطابق اللہ ڈنو آئی ای ڈی بم بنانے کا ماہر تھا۔ فوٹیج میں اللہ ڈنو کو واضح دیکھا جاسکتا ہے، دہشتگرد کافی دور سے سائیکل لے کر آیا۔ نیلی بتی والی گاڑی آتے ہی دھماکہ کیا اور رکشے میں فرار ہوگیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سید خرم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ایران سے کالعدم ایس آر اے سرغنہ اصغر نے ہدایات دیں۔ ریلوے ٹریک پر دھماکے کے پندرہ سے بیس ہزار جبکہ ایسے دھماکے کے پچاس ہزار روپے تک ملتے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق تین دہشتگردوں کو ماڑی پورروڈ پر دھماکہ خیز مواد سمیت روکا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دودہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک فرار ہوگیا۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق تھرپارکر سے تھا۔