Friday, April 26, 2024

کراچی میں نمائش چورنگی پر جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع

کراچی میں نمائش چورنگی پر جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع
May 25, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی میں پولیس نے نمائش چورنگی پر جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا۔

کراچی سے تحریک انصاف کے کارکنان لانگ مارچ میں شرکت کے لئے اسلام آباد نہیں جا رہے۔ تحریک انصاف نے کراچی میں نمائش چورنگی پر احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے صبح سے ہی نمائش چورنگی جانے والے راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا ہے۔ شادی بیاہ میں استعمال ہونے والی بھگیوں کو بھی روڈ پرکھڑا کرکے راستے بند کئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنان نمائش چورنگی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری نے بھی پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی گرفتاریوں سےبچنے کے لئے محفوظ مقام سےایک دوسرے کےساتھ رابطے میں ہیں۔ نمائش چورنگی پر رکاوٹیں ہونے کی صورت میں متبادل آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔ شاہراہ فیصل، تبت سینٹر، گلشن چورنگی اور حیدری مارکیٹ کے اطراف احتجاج پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پولیس کی نفری بھی الرٹ ہے۔ شاہراہ فیصل پر اسٹار گیٹ کے قریب پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جو کسی بھی احتجاج سے نمٹنے کے لئے لاٹھی اور ڈنڈوں کے ساتھ موجود ہیں۔