Sunday, September 8, 2024

کراچی میں کورونا کی مثبت شرح بیالیس اعشاریہ تین فیصد ہو گئی

کراچی میں کورونا کی مثبت شرح بیالیس اعشاریہ تین فیصد ہو گئی
January 23, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں کورونا کا پھیلاؤ بلند سطح پر پہنچ گیا۔ مثبت شرح بیالیس اعشاریہ تین فیصد ہو گئی۔

کورونا کراچی میں اپنے پنجے گاڑھنے لگا۔ عوام ایس اوپیز پر عمل کرنا ہی بھول بیٹھے۔ کورونا کیسز کی شرح 42.13 فیصد پر پہنچ گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دو ہزار 830 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ حیدرآباد میں بھی کورونا وبا پھیلنے لگی، 264 نئے کیس سامنے آ گئے۔

بڑھتے کیسز کے پیش نظر کراچی کے چار ٹائونز کی متاثرہ یوسیز مین مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون لگا دیا گیا۔ ضلع وسطی کی متاثرہ یوسیز میں پانچ فروری تک مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون نافذ رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اجتماعات اور تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی۔ ماسک کا استعمال لازمی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہو گی۔

دوسری جانب سکھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایس اوپیز پر عمل کرانے کی ٹھان لی۔ 70 فیصد سے زائد مسافر بٹھانے اور ماسک استعمال نہ کرانے پر ٹرانسپورٹرز پر جرمانے عائد ہونے لگے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کے کورونا ویکسین کارڈز بھی چیک کیے گئے۔ بغیر ویکسین سفر کرنے والوں کو فوری ویکسین بھی لگائی گئی۔