Friday, April 26, 2024

کراچی میں این اے 240 کا ضمنی انتخاب، فائرنگ واقعات میں ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی میں این اے 240 کا ضمنی انتخاب، فائرنگ واقعات میں ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی
June 16, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی میں این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر مختلف پولنگ اسٹیشنز میدان جنگ بنے رہے۔ فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

کراچی میں این اے 240 کے ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشنز میدان جنگ بنے رہے، جگہ جگہ مار دھاڑ، پتھراؤ اور ڈنڈے چلتے رہے۔

لانڈی میں پولنگ اسٹیشنز 51 پر سرعام ٹھپے لگانے کے مناظر92  نیوز سامنے لے آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے سرعام ٹھپے لگائے جا رہے ہیں۔

فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ڈائریکٹر جناح اسپتال کے مطابق ایک شخص کی لاش اور 4 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا۔ زخمیوں میں پی ایس پی کے جوائنٹ سیکرٹری اور ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا گارڈ بھی شامل ہے، زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی۔

لانڈھی 4 بی میں دوجماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آئے، لانڈھی نمبر 6 میں کارکنوں نے ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ ڈالے۔ این اے 240 میں ضمنی الیکشن پر بدنظمی واقعات پر چیف الیکشن کمشنر نے کشیدہ صورتحال کا نوٹس لے لیا۔

پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ ہر پولنگ اسٹیشن کے باہر پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے باہرپولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی۔ یہ نشت ایم کیوایم کے رہنما رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔