کراچی (92 نیوز) - کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سنٹر میں ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نگراں وفاقی وزیرداخلہ سرفرازاحمد بگٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی تینتالیس ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹر کورنگی میں منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی تھے۔ کوسٹ گارڈز کے سربراہ بریگیڈیئر غلام عباس، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور زندگی کے مختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے مارچ پاسٹ کرتے ہوۓ مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔
نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف ہمیشہ نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران کثیر مقدار میں منشیات پکڑی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے پر ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئے۔