Saturday, May 4, 2024

کراچی کی 9 منزلہ الجنت رائل ریزیڈنسی کی اضافی 3 منزلیں گرانے کا حکم

کراچی کی 9 منزلہ الجنت رائل ریزیڈنسی کی اضافی 3 منزلیں گرانے کا حکم
February 7, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں الجنت رائل ریزیڈنسی کی اضافی 3 منزلیں گرانےکا حکم دے دیا۔ عدالت نے 45 دن کے اندر رپورٹ طلب کر لی۔

سندھ ہائیکورٹ گارڈن ویسٹ میں تعمیر کی جانے والی عمارت الجنت رائل ریزیڈنسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار نے کہا کہ بلڈر نے گراؤنڈ پلس چھ منزلہ عمارت کی تعمیرات کی اجازت لی لیکن نومنزلہ عمارت تعمیرکی جارہی ہے۔ ایس بی سی اے کو کئی خطوط لکھ چکے ہیں، کارروائی نہیں کی گئی۔

عدالت نے عمارت میں مزید تعمیرات سے روکتے ہوئے اضافی فلورز کو توڑنے کا حکم دے دیا۔ حکم نامے میں کہا کہ عمارت کے اضافے حصے مسمار کرکے 45 دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔

عدالت نے سب رجسٹرار کو حکم دیا کہ کسی کو بھی سب لیز نہ دی جائے۔ بجلی پانی اور گیس کے کنکشنز بھی فراہم نہ کئے جائیں۔

عدالت نے بلڈرز اور ملوث افسران کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ حکم نامے کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا اور بلڈر سے ساز باز کرکے درخواست واپس لینے کی کوشش کی تو درخواست گزار کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔