Saturday, April 27, 2024

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش
June 23, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش کے باعث دیواریں گرنے سے چار بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

کراچی میں زرا سی بارش نے ہی پوری کی پوری کارکردگی کے پول کھول کر رکھ دئیے۔ کہیں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوا تو کہیں نالہ اوور فلو ہوا۔ یہ مناظر ہیں لیاقت آباد  کے جہاں اگرچہ بارش تو زیادہ  نہیں مگر سڑکوں کا حال دیکھیں تو یہ کسی تالاب کی مانند معلوم ہوتی ہیں۔

علاقہ  مکین  کہتے ہیں  علاقے میں نکاسی آب کا نظام تباہ ہے۔ 10 منٹ کی بارش نے یہ حال کر دیا ہے۔ انتظامیہ آتی  نہیں  اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی کا کام کرواتے ہیں۔

صرف یہیں  نہیں  اسٹیڈیم روڈ، صدر، ناگن چورنگی، پاکستان چوک ،جہانگیر روڈ ،محمد علی سوسائٹی ،ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں  بارش کا جگہ جگہ  پانی کھڑ ا  ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

دوسری طرف کراچی میں تیز بارش اور آندھی سے مختلف علاقوں کی دیواریں گر گئیں  جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور  2 زخمی ہو گئے۔ ملیر ملت ٹاؤن گھر کی دیوار گرنے سے سے  ایک پانچ سالہ بچہ اور چار سال کی بچی، چنیسر گوٹھ  میں دس سالہ دلیپ جبکہ   گلشن اریشہ میں دیوار گرنے سے 45 سالہ شخص جاں بحق ہوئے۔

اُدھر  بارش کے دوران ناظم آباد میں کھلے نالے میں  ایک کار  جاگری جس کے نتیجے  میں ڈرائیو زخمی ہوگیا  جبکہ راشد منہاس روڈ پر پھسلن کے باعث کئی موٹرسائیکل سوار سلپ ہو گئے۔