Thursday, April 25, 2024

کراچی کے علاقے گرومندر میں پٹرول پمپ پر سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ، مبینہ چور ہلاک

کراچی کے علاقے گرومندر میں پٹرول پمپ پر سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ، مبینہ چور ہلاک
February 12, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے گرومندر میں پٹرول پمپ پر سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے مبینہ چور ہلاک ہو گیا۔

گرومندر کے قریب موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے سروس اسٹیشن پر لگا لوہے کا بنا گٹر کا ڈھکن چوری کرنے کی کوشش کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم موٹرسائیکل پر بیٹھا ہے اور دوسرا شخص گٹر کا ڈھکن چوری نکال رہا ہے۔ جیسے یہ ملزم ڈھکن اٹھا کر موٹر سائیکل پر بیٹھتا ہے تو سامنے سے سکیورٹی گارڈ آ جاتا ہے۔

سکیورٹی گارڈ آتے ہی فائر کھول دیتا ہے جس سے ڈھکن ہاتھ میں پکڑا شخص موٹرسائیکل سے گر کر موقع پر ہی ہلاک ہو جاتا ہے۔ ہلاک ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کا ساتھی موٹرسائیکل سمیت فرار ہو جاتا ہے۔ پولیس نے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لیکر اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب چند دن پہلے گلستان جوہر بلاک تھری میں دو خواتین سے لوٹ مار کرنے والا ملزم امجد ساتھی سمیت پکڑا گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کے مطابق ملزم امجد اور اس کے ساتھی کا گذشتہ روز سرجانی ٹاون میں پولیس سے سامنا ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

ملزم امجد نے انکشاف کیا کہ ان کا چھ رکنی گروہ ہے جو صرف خواتین سے ہی لوٹ مار کرتا ہے۔ ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔

ادھر فیڈرل بی ایریا بلاک دس میں شہری سے نئی موٹرسائیکل چھین لی گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری دودھ لے کر موٹرسائیکل پر جانے لگا۔ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان آئے اور اسلحہ تان لیا اور موٹرسائیکل چھین کر لے گئے۔

 اس کے علاوہ موچکو پولیس نے حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے دو انہتائی مطلوب منشیات فروش گرفتار کر لئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے ایک کلو آئس برآمد کر لی گئی ہے۔ ابراہیم حیدری پولیس نے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے گٹکا اور ہیروئن برآمد کر لی۔