Friday, April 19, 2024

کراچی فائیو اسٹار چورنگی کے قریب سینئر صحافی اطہر متین ڈاکؤں سے لڑتے ہوئے شہید

کراچی فائیو اسٹار چورنگی کے قریب سینئر صحافی اطہر متین ڈاکؤں سے لڑتے ہوئے شہید
February 18, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی فائیو اسٹار چورنگی کے قریب سینئر صحافی اطہر متین ڈاکؤں سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار دو مسلح ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔ اطہر متین نے اپنی کار سے ملزمان کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔ ملزمان نیچے گرے تاہم جلد ہی سنبھل گئے اور گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ اطہر متین گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ملزمان کی موٹرسائیکل اسٹارٹ نہ ہوئی تو انہوں نے شہری سے موٹرسائیکل چھینی اور فرار ہو گئے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ گورنر سندھ نےایڈیشنل آئی جی کراچی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیئے فوری کاروائی کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ سندھ حکومت لاقانونیت کے خاتمہ کے لیئے پریکٹیکل اقدامات کرے۔

وزیراعلی سندھ نے بھی ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، کہا قاتلوں کو فوری طور گرفتار کیا جائے۔