Saturday, May 4, 2024

کراچی : تاریخ کا سب سے بڑا اسلحے کا ذخیرہ ملنے کا مقدمہ درج

کراچی : تاریخ کا سب سے بڑا اسلحے کا ذخیرہ ملنے کا مقدمہ درج
October 6, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے عزیزآباد سے تاریخ کا سب سے بڑا اسلحے کا ذخیرہ ملنے کا مقدمہ عزیز آباد تھانے میں درج کر لیا گیا جبکہ برآمد کیے جانے والے بھاری اسلحے کو ڈی آئی جی ویسٹ آفس سے منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے سب سے بڑے اسلحے کے ذخیرے کے بعد واٹر ٹینک بھی معمہ بن گیا۔ عزیزآباد کے اسلحہ بھرے گھر میں واٹر ٹینک نے سنسنی پھیلا دی۔ یہ تہہ خانہ نما واٹر ٹینک کوئی عام واٹر ٹینک نہیں ہے۔ اس میں ہوا کے لیے پائپ بھی ہیں تو چھت مکان سے بھی اونچی ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑک نے انکشاف کیا کہ اس ٹینک میں اس سے بھی زیادہ اسلحہ آسکتا تھا۔ اسلحے کو ٹینک میں حصوں میں بانٹ کر رکھا گیا۔ اسلحہ کس کا تھا اور کون لایا اس بارے تاحال تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج ہو گئی ہے۔ اب تفتیش ہوگی تو پردہ نشینوں کے نام سامنے آجائیں گے۔ کراچی کی تاریخ کے سب سے بڑے اسلحے کا مقدمہ بھی نامعلوم افراد کے خلاف ایس ایچ او عزیز آباد جمال لغاری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ دہشت گردی‘ ایکسپلوسیو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔