Saturday, April 27, 2024

کراچی اور لاہور کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا، شاہ محمود

کراچی اور لاہور کی عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا، شاہ محمود
May 3, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) - سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی اور لاہور کی عوام نے اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

عیدالفطر کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف رہنماؤں پر مقدمات درج کرنا حکومتی ناکامی ہے۔ ایسے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں۔

شاہ محمود بولے کہ پاکستان میں بیرونی سازش پر قومی سلامتی کمیٹی نے توثیق کی، انٹرنیشنل دفاعی تجزیہ کار نے بھی ہمارے موقف کی تائید کی۔ مزید کہا کہ اُمید ہے اعلیٰ عدلیہ دھمکی والا خط کو دیکھ کر فیصلہ کرے گی۔ تمام مسائل کا حل نئے انتخابات میں ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مئی کے مہینے میں عوام کے ساتھ دوبارہ جا رہے ہیں، مختلف شہروں میں جلسے کریں گے۔ اُنہون ںے کہا کہ ہمارے آئین نے ہر ادارے کی ذمہ داری کا تعین کردیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ کیسی حکومت ہے جس میں اپوزیشن نہیں ہے، پنجاب کی اسمبلی کے 25 ارکان نے فلور کراسنگ کی 63 آرٹیکل کے تحت کارروائی ہوگی، الیکشن کمیشن نے 30 دن میں ان ارکان کے خلاف کارروائی کرنی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک بحران قومی اسمبلی میں ہے، دوسرا پنجاب میں شروع ہوجائے گا۔ ایک ہی راستہ ہے کہ نئے الیکشن کروائے جائیں۔ ایسے عناصر موجود ہیں جو ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ پوری پی ڈی ایم الیکشن چاہتی تھی، ہم بھی وہی چاہتے تھے، اب کیوں ڈر رہے ہیں؟

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان بالکل نہیں گھبرائے وہ پر اعتماد ہیں وہ لیگل اور پولیٹیکل ٹیم سے مل رہے ہیں۔ فارن فنڈنگ کیس میں ہم سامنا کرنے کو تیار ہیں، سکروٹنی کمیٹی نے جو مانگا ہم نے دیا۔ ہماری فنڈنگ بالکل کلئیر ہے، اس میں کچھ بھی پوشیدہ نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتیں بتائیں کہ پارٹی فنڈنگ کے پیسے کہاں سے آتے ہیں؟َ کہا کہ تمام جماعتوں کے فنڈنگ کیس ایک ساتھ سنے جائیں جس سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں اچھے لوگ موجود ہیں، جن کی مدد سے فری اینڈ فئیر الیکشن کروانا چاہتے ہیں۔ رازق اللہ تعالیٰ ہے، دھرنے میں کھانے کا کوئی مسئلہ ہے، جہانگیر ترین کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ الیکشن آئینی راستہ ہے ہمارا کوئی مطالبہ غیر آئینی نہیں۔ جو قوتیں آئینی راستہ میں روکاوٹ بنیں گی وہی ایمرجنسی لگانے کی ذمہ دار ہوں گی۔