Wednesday, April 24, 2024

کامن ویلتھ گیمز سے بڑی خوشخبری، قومی ہیرو ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

کامن ویلتھ گیمز سے بڑی خوشخبری، قومی ہیرو ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا
August 8, 2022 ویب ڈیسک

برمنگھم (92 نیوز) - کامن ویلتھ گیمز سے پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری ہے، قومی ہیرو ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ 

بالاآخراس نے کر دکھایا، محنت کا پھل مل گیا، دعائیں رنگ لے آئیں۔ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں وہ کارنامہ سرانجام دیا کہ پوری قوم خوشی سے سرشار ہوگئی۔ ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ وہ باون سال بعد اتھلیٹکس میں تمغہ جیتنے والے پاکستانی اتھلیٹ بن گئے۔

جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم کے مدمقابل عالمی چیمپئن سمیت 16 کھلاڑی تھے۔ فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 86.81 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن اینڈریسن ہیٹرس نے پہلی تھرو 82.30 میٹر پھینکی۔ ارشد ندیم نے دوسری تھرو کی تو اُسے فاول قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے تیسری تھرو 88 میٹر پھینکی اور اپنا ریکارڈ توڑ دیا۔ ارشد ندیم نے پانچویں تھرو 90 اعشاریہ ایک آٹھ میٹر پھینکی اور گولڈ میڈل کے حق دار قرار پائے۔

فتح کا اعلان سنتے ہی ارشد ندیم خدا کے حضور سربسجود ہوگئے، اس موقع پر انہوں نے اپنے مستقبل کے ارادے بیان کرنے کے ساتھ انجرڈ بھارتی نیزہ باز نیرج چوپڑہ کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ارشد ندیم کی فتح کی خبرملتے ہی ارشد ندیم کی رہائش گاہ میاں چنوں میں جشن کا سماں تھا، ارشد ندیم کے اہل خانہ کو مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔

صدر مملکت عارف علوی اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قومی ہیرو کو مبارک باد دی۔