Saturday, April 27, 2024

کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے لئے ریڈ لائن ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو

کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے لئے ریڈ لائن ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو
December 22, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو کہتے ہیں کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے لئے ریڈ لائن ہے۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا حالیہ دنوں میں سرحد پر ہونے والے اور بنوں کے واقعات تشویشناک ہیں، تاہم دونوں مواقع پر ہماری سکیورٹی فورسز نے بڑی بہادری سے مقابلہ کیا اور صورت حال پر قابو پایا، اپنے لوگوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے کوئی بھی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کرینگے۔ کابل کی حکومت کے تعاون سے ایسی پالیسی اپنائی جائے گی کہ عسکریت پسندی کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے افغانستان کی حکومت پر زور دیا کہ ان کو افغان سرزمین پر کام کرنے والی ٹی ٹی پی سمیت دوسرے گروپس کو طاقت سے روکنا ہو گا۔

بلاول بھٹو نے تسلیم کیا کہ امریکا کی طرح پاکستان کی افغانستان پالیسی میں بہتری کی گنجائش ہے اور ہمیں اس ضمن میں سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے کہ ہم کیا کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کیا ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں اور یقینی بنایا جا رہا ہے کہ انہیں نہیں دوہرایا جائے گا؟ اس سوال کا جواب پاکستان، افغانستان اور پورے خطے کی سلامتی و استحکام کی راہ متعین کرے گا۔

پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ ملک میں انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔ عمران خان دھاندلی کے لئے قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں، عمران خان کی وجہ سے ملک میں سیاسی استحکام نہیں آرہا، کوئی سیاسی جماعت اور ادارہ عمران خان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گا۔