Monday, May 20, 2024

کابینہ نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے اضافے کی منظوری دیدی

کابینہ نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے اضافے کی منظوری دیدی
July 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے50 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔ 

وزیرِتوانائی خرم دستگیر نے مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنیوالے صارفین اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، بجلی کی قیمتوں میں آج سے 3 روپے50  پیسے کا اضافہ ہوگا۔ یہ اضافہ پہلے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں آرہا تھا، اب فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو بنیادی ٹیرف میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گردشی قرض 214 ارب روپے کم ہو گیا ہے، اس وقت پاور ڈویژن میں جو محصولات موصول نہیں ہوئے وہ ایک ہزار ارب روپے تک پہہنچ گئے ہیں۔ 2018 میں جو وصولیاں ہم تین سو ارب تک چھوڑ کر گئے تھے اس میں تین گنا اضافہ کیا گیا۔ تمام تر تفصیلات جلد پاور ڈویژن عوام کے سامنے رکھے گا۔

خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ہر گھنٹے بعد پاور ڈویژن میں بجلی کے معاملات کی جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔ ایک نیا قانون بن رہا ہے جو حکومتوں کے درمیان کمرشل ٹرانزیکشنز کے ذریعے شفافیت لائے گا۔

وزیرِتوانائی نے مزید کہا کہ بہت سے دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔ نجکاری کے حوالے سے تاخیری معاملات ہوئے، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے نجکاری پر قانون جلد اسمبلی میں آئے گا۔