کابل (92 نیوز) - افغان دارالحکومت کابل میں تعلیمی مرکز پر خود کش حملے میں طلبا سمیت 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
افغان پولیس ترجمان خالد زردان نے بتایا کہ واقعے میں 19 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز اور تصاویر میں زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنافع ٹاکور نے بتایا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا دشمن کے سفاک عزائم ظاہر کرتا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جس علاقے میں دھماکا ہوا وہاں ہزارہ برادری کی آبادی زیادہ ہے۔ گزشتہ جمعے کو کابل کی وزیر اکبر خان مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔