Saturday, September 21, 2024

کابل دہشتگرد حملے میں پاکستانی ناظم الامور کی جان بچانے والے زخمی سپاہی کا ویڈیو بیان جاری

کابل دہشتگرد حملے میں پاکستانی ناظم الامور کی جان بچانے والے زخمی سپاہی کا ویڈیو بیان جاری
December 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - کابل دہشتگرد حملے میں پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمن نظامانی کی جان بچانے والے زخمی سپاہی کا ویڈیو بیان جاری ہو گیا۔

پاک فوج کے بہادر جوان سپاہی اسرار محمد نے سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر پہلا ویڈیو بیان جاری کر دیا۔ ویڈیو پیغام میں سپاہی اسرار محمد کا کہنا ہے کہ جمعہ 2 دسمبر کو عصر کی نماز کے بعد واقعہ رونما ہوا۔ سفیر صاحب نے نماز پڑھی، اس کے بعد ہم دونوں آ رہے تھے۔ واک کر رہے تھے تو کسی نے فائر کر دیا۔ میں سفیر صاحب سے 5 میٹر پیچھے تھا، میں نے سفیر کے اوپر جھپی لگائی اور نیچے گرایا ہے۔

 سپاہی اسرار محمد نے کہا جب سفیر صاحب کو اٹھا رہا تھا تو اسی وقت مجھے سینے پر گولی لگی۔ میں نے ایک ہاتھ سینے پر رکھا اور دوسرے ہاتھ سے سفیر صاحب کو کھینچ رہا تھا۔ میں نے سفیر کو بتایا آپ کو گولی نہیں لگی۔ زمین سے رگڑ لگی ہے۔

سپاہی اسرار محمد مزید کہتے ہیں کہ اپنے سفیر کی حفاظت، جس ڈیوٹی کے لیے تعینات کیا گیا، اس کے لیے جان بھی قربان ہو جائے تو پرواہ نہیں۔ پر ہمیں اپنے نمائندے کا خیال رکھنا ضروری تھا، میں نے وہ کر لیا۔