Friday, March 29, 2024

جیلوں سے نہیں ڈرتا، یہ عدالتوں میں چکر لگوا رہے ہیں، عمران خان

جیلوں سے نہیں ڈرتا، یہ عدالتوں میں چکر لگوا رہے ہیں، عمران خان
March 5, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا جیلوں سے نہیں ڈرتا، یہ عدالتوں میں چکر لگوا رہے ہیں۔ مجھے خطرہ ہی ان لوگوں سے ہے جنہوں نے حفاظت کرنی ہے۔

اتوار کے روز زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  چیف جسٹس کو خط لکھوں گا کہ میری جان کو خطرہ ہے، عدالتوں میں کوئی سکیورٹی نہیں تھی، مجھ پر ایک قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف 74 مقدمات بنائے جا چکے ہیں، کیا رانا ثناء اللہ جیسا کسی کو تحفظ دے سکتا ہے؟ شہبازشریف نے پولیس مقابلے میں لوگ مروائے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ان دونوں نے نہتے لوگوں پر گولیاں چلائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بولے کہ پرائم منسٹر دنیا بھر سے پیسے مانگتا پھر رہا ہے لیکن انہیں کوئی پیسہ اس لئے نہیں دیتا کہ سب کو پتہ ہے یہ چور ہیں۔ شہباز شریف کو 16 ارب چوری کے کرپشن کیسز پرسزا ہونے والی تھی، جنرل (ر) باجوہ نے اسے وزیراعظم بنا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے سامنے نہ کبھی جھکا ہوں، نہ آپ کو جھکنے دوں گا۔ لندن میں بیٹھابھگوڑا ملک کو کنٹرول کر رہا ہے، ہم نے ان کیخلاف جہاد کرنا ہے، ہماری جنگ حقیقی آزادی کے لئے ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس کی سماعت اوپن کرنے کا بھی مطالبہ کردیا۔