Friday, May 3, 2024

جیل بھروتحریک، ساہیوال میں پی ٹی آئی کے دو درجن سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دیدی

جیل بھروتحریک، ساہیوال میں پی ٹی آئی کے دو درجن سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دیدی
February 28, 2023 ویب ڈیسک

ساہیوال (92 نیوز) - پی ٹی آئی کی جیل بھروتحریک، ساہیوال میں دو درجن سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔ کارکنوں نے ڈی پی اوچوک میں رقص کیا اور ایک دوسرے سے دست وگریبان بھی ہوئے۔

ساہیوال میں پی ٹی آئی کی جیل بھروتحریک میں کارکنوں کی بڑی تعداد گرفتاریاں دینے پہنچ گئی، گرفتاری دینے والے ورکرز کو اسٹیج کے پاس بلانے کے اعلانات کروائے گئے، جس کے بعد 2 درجن سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔

اس سے پہلے ڈی پی او چوک میں کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچی مگرپولیس اہلکارنظرنہ آئے، ڈی پی او ساہیوال کی طرف سے بڑی تعداد میں پولیس ملازمین کو ڈی پی او آفس بلا لیا گیا۔

پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان کے حق اور سیاسی مخالفین کے خلاف نعرے لگاتے رہے، کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے۔

گاڑی کے اوپر پی ٹی آئی کے کارکن آپس میں لڑ پڑے اور ایک دوسرے کی تھپڑوں سے تواضع کردی۔