Saturday, April 27, 2024

جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس، امریکی اور چینی صدور کے درمیان پہلی بار براہ راست ملاقات

جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس، امریکی اور چینی صدور کے درمیان پہلی بار براہ راست ملاقات
November 15, 2022 ویب ڈیسک

بالی (92 نیوز) - انڈونیشیا میں جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس سے قبل امریکی اور چینی صدور کے درمیان پہلی بار براہ راست ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نےباہمی اختلافات کم کرنے اور عالمی مسائل کےحل کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں کمی آنے لگی۔ بالی میں جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس سے قبل بائیڈن اور شی جن پنگ کی پہلی مرتبہ بالمشافہ ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب دونوں ممالک عالمی اثر و رسوخ کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں۔

بائیڈ ن اور شی جن پنگ نے چینی اور امریکی پرچموں کی قطار کے سامنے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا، امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا آپ کو دیکھ کراچھا لگا، ذاتی اور حکومتی سطح پر مواصلات کی لائنوں کو کھلا رکھنے کے لیے پرعزم ہوں، چین اور امریکا مسابقت کو تصادم میں تبدیل ہونے سے روک سکتے ہیں، امریکا چین سے مقابلہ چاہتا ہے، تصادم نہیں۔ امریکی سیکرٹری خزانہ نے بتا یا کہ تائیوان، یوکرین اور شمالی کوریا، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جواب میں چینی صدر نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات عالمی توقعات پر پورا نہیں اتر رہے، ہمیں چین اور امریکا کے لئے صحیح راستہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے، صحیح سمت تلاش کرنے اور تعلقات کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔