Monday, May 6, 2024

سعید الزمان صدیقی نے سندھ کے 30 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

 سعید الزمان صدیقی نے سندھ کے 30 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
November 11, 2016
کراچی(92نیوز)جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے سندھ کے تیس ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے گورنر سے عہدے کا حلف لیا تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سمیت صوبائی وزرا اور اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ تفصیلات کےمطابق گورنرہاؤس کراچی کا مکین چودہ سال بعدبدل گیا نئےگورنرسندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی نے پُروقار تقریب حلف برداری میں حلف اٹھالیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی سے گورنر سندھ  کا حلف لیا ۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، اسپیکرآغا سراج درانی اور ڈی جی نیب کرنل سراج نعیم سمیت دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔ سعید الزمان صدیقی یکم دسمبر انیس سو اڑتیس کو لکھنو میں پیدا ہوئے،ابتدائی تعلیم کےبعد ڈھاکا میں میٹرک کیا اور انیس سو اٹھاون میں جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی سعید الزماں صدیقی  انیس سو تریسٹھ میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ انیس سو نوے میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جبکہ انیس سو ننانوے میں چیف جسٹس پاکستان بن گئے تاہم انہوں نےسابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پی سی او کے تحت حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔ سعید الزماں صدیقی نے دو ہزار آٹھ میں مسلم لیگ ن کےامیدوار کی حیثیت سے صدارتی الیکشن بھی لڑا۔