Friday, April 19, 2024

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رضاکارانہ طور پر اپنے اثاثے ظاہر کردئیے

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رضاکارانہ طور پر اپنے اثاثے ظاہر کردئیے
March 5, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رضاکارانہ طور پر اپنے اثاثے ظاہر کردئیے۔ بینک اکاؤنٹ میں اس وقت 4 کروڑ 13 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رضاکارانہ طور پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کردی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بینک اکاؤنٹ میں اس وقت 4 کروڑ 13 لاکھ 30 ہزار 856 روپے جبکہ ایک فارن کرنسی اکاؤنٹ میں 41 لاکھ روپے سے زائد کی رقم موجود ہے۔ ان کی ملکیت میں ایک ہنڈا اکارڈ، ایک ہنڈا سوک اور ایک منی جیپ ہے۔

دستاویزات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور بطور جج سپریم کورٹ کوئی سرکاری پلاٹ نہیں لیا۔ ان کی ملکیت میں ڈی ایچ اے فیز ٹو کراچی کا رہائشی پلاٹ ہے جو بطور وکیل پریکٹس کے پیسوں سے لیا۔ ڈی ایچ اے کراچی میں ایک کمرشل پلاٹ جبکہ کینال روڈ لاہور میں ایک پرانا گھر کرائے پر دے رکھا ہے۔ بطور جج سپریم کورٹ تین سو ملکی مفت کال منٹس ملتے ہیں۔

دستاویزات میں قاضی فائز عیسیٰ نے بتایا کہ سال 2020 میں آمدنی دو کروڑ 12 لاکھ 33 ہزار 921 روپے تھی جبکہ 26 لاکھ 78 ہزار 799 روپے ٹیکس دیا۔ 2019 میں آمدن ایک کروڑ 71 لاکھ 45 ہزار 972 روپے تھی اور 17 لاکھ 92 ہزار سات روپے ٹیکس دیا۔ سال 2018ء میں آمدن ایک کروڑ 51 لاکھ 13 ہزار 972 روپے تھی جبکہ 22 لاکھ 916 روپے ٹیکس ادا کیا۔ قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میری اہلیہ سرینہ عیسیٰ میرے زیر کفالت نہیں ہے۔