Saturday, May 18, 2024

جسٹس اطہر من اللہ توہین عدالت کیس میں جو بھی فیصلہ دیں گے، قبول کروں گا، عمران خان

جسٹس اطہر من اللہ توہین عدالت کیس میں جو بھی فیصلہ دیں گے، قبول کروں گا، عمران خان
September 10, 2022 ویب ڈیسک

گوجرانوالا (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے جسٹس اطہر من اللہ توہین عدالت کیس میں جو بھی فیصلہ دیں گے، قبول کروں گا۔

گوجرانوالا میں جلسے کے شرکا اور وکلا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا جیل تو چھوٹی چیز ہے، ملک کیلئے جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔ انہیں گرفتار کرنا چاہتے تھے، وہ بیگ تیار کر کے بیٹھے تھے۔ پوری کوشش ہے قوم کو آزاد کرائیں۔ انہیں اس لیے ہٹایا گیا کیونکہ کسی ملک سے ڈکٹیشن لینے پر تیار نہیں تھے۔ امپورٹڈ وزیراعظم شہباز شریف جن جن ممالک سے پیسے مانگنے گیا ان سب کو پتہ تھا شہباز شریف اور اس کے بھائی نوازشریف کے چوری کے اربوں ڈالر باہر کے ملکوں میں پڑے ہیں۔ مانگنے والے کی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوتی۔ یو این سیکرٹری سیلاب زدہ علاقے دیکھنے آیا تو شہباز شریف اس سے بھی پیسے مانگنے لگا۔ شہبازشریف نے یو این سیکرٹری سے کہا آپ جو بھی پیسے ہمیں دیں گے ہم ایمانداری سے خرچ کریں گے۔

عمران خان نے کہا میرے اوپر توہین عدالت کا کیس ہے اس پر بات نہیں کروں گا کیونکہ معاملہ عدالت میں ہے۔ شہبازگل پر شدید ترین تشدد کیا گیا، میں نے شہبازگل کا حال دیکھ کر کہا تھا کہ قانونی ایکشن لوں گا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہمیشہ زبردست فیصلے کیے ہیں۔ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے میں قبول کروں گا۔ مجھے عدالت میں بولنے کی اجازت نہیں دی۔ شاید میں اپنی بات سمجھا ہی دیتا لیکن خیر کیس ابھی چلے گا۔