Friday, April 26, 2024

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شروع ہو رہا ہے‘ پی ٹی آئی کا بائیکاٹ

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شروع ہو رہا ہے‘ پی ٹی آئی کا بائیکاٹ
October 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمانی رہنماوں کی کانفرنس کے فیصلوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر ساڑھے چار بجے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بحث ہو گی۔ اجلاس میں دو حکومتی بلز بھی منطور کرائے جائیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف بھی اجلاس میں شرکت کرینگے۔ وزیر اعظم ملک کی موجودہ صورتحال‘ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال‘ وزیراعظم کے جنرل اسمبلی سے خطاب اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت پر بحث کی جائے گی۔ حکومت کو اس حوالے سے مختلف تجاویز بھی دی جائیں گی۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف مذمت کی قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ جب تک نوازشریف مستعفی یا احتساب کے لیے پیش نہیں ہوتے پارلیمنٹ نہیں جائیں گے۔