Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ میں 5 ججز کے تقرر کیلئے جوڈیشل کمیشن میں فیصلہ نہ ہوسکا

سپریم کورٹ میں 5 ججز کے تقرر کیلئے جوڈیشل کمیشن میں فیصلہ نہ ہوسکا
July 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – سپریم کورٹ میں پانچ ججز کے تقرر کیلئے جوڈیشل کمیشن میں فیصلہ نہ ہوسکا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کیلئے چیف جسٹس کی جانب سے نامزد کیے گئے 5 ججز پر جوڈیشل کمیشن کے ارکان میں اختلاف رائے سامنے آیا، جس کے بعد 9 رکنی جوڈیشل کمیشن کے ممبران میں ووٹنگ کرائی گئی۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے نامزد ججوں کے خلاف 5 ووٹ آئے جس کے بعد کچھ کہے بغیر ختم کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جسٹس قاضیٰ فائز عیسیٰ، جسٹس طارق مسعود، اٹارنی جنرل اور وزیرِقانون نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ سندھ کے 2 ججز سے متعلق جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی نے بھی مخالفت میں ووٹ دیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس اعجاز الاحسن
نے نامزدگیوں کے حق میں ووٹ دیا۔ جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی نے باقی 3 ججز کی تعیناتی کے حق میں بھی ووٹ دیا۔

اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید ، سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس اظہر رضوی، جسٹس شفیع صدیق اور جسٹس نعمت کے ناموں پر غورکیا گیا۔ سپریم کورٹ کے ججوں کی کل 17 نشستوں میں سے اس وقت چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور ایک خاتون جج سمیت کل 13 جج موجود ہیں جبکہ جسٹس سجاد علی شاہ بھی 13 اگست کو ریٹائر ہوجائیں گے، جس کے بعد مجموعی طور پر 5 ججوں کی نشستیں خالی ہو جائیں گی۔