Thursday, April 25, 2024

جوبائیڈن کی ایٹمی اثاثوں پر ہرزہ سرائی پر پاکستان کا شدید احتجاج، احتجاجی مراسلہ امریکی سفیر کے سپرد

جوبائیڈن کی ایٹمی اثاثوں پر ہرزہ سرائی پر پاکستان کا شدید احتجاج، احتجاجی مراسلہ امریکی سفیر کے سپرد
October 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - امریکی صدر جوبائیڈن کی ایٹمی اثاثوں سے متعلق ہرزہ سرائی پر پاکستان کی جانب سے امریکا سے شدید احتجاج کیا گیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، احتجاجی مراسلہ بھی امریکی سفیر کے سپرد کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق صدر جوبائیڈن کے بیان پر امریکی سفیر کو طلب کرکے سخت ڈیمارش کردیا، سیکرٹری خارجہ نے احتجاجی مراسلہ بھی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے حوالے کیا۔

ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا پاکستان کی مایوسی اور تشویش سے امریکی سفیر کو غیر ضروری ریمارکس پر آگاہ کیا گیا جو زمینی حقائق یا حقائق پر مبنی نہیں تھے۔ یہ واضح کیا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے اور اس کے جوہری پروگرام کی بے عیب سرپرستی اور عالمی معیارات اور بین الاقوامی بہترین طریقوں کی پاسداری کو بخوبی تسلیم کیا گیا، جس میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی بھی شامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کو حقیقی خطرہ بعض ریاستوں کی جانب سے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امن کے قیام کے لیے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی مثبت رفتار اور دونوں فریقوں کے درمیان قریبی تعاون کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔