راولپنڈی (92 نیوز) - جنرل سید عاصم منیر نے بطور 17 ویں آرمی چیف پاک فوج کی کمان سنبھال لی۔
جی ایچ کیو میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ کی چھڑی جنرل سید عاصم منیر کے سپرد کی۔
جنرل سید عاصم منیر کا تعلق انفنٹری کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے ہے۔ جنرل عاصم منیر اعزازی شمشیر یافتہ پہلے آرمی چیف ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان تقریب میں شریک ہوئے، فوراسٹار جنرل کے شولڈر رینک اور کالر میڈل لگا کر تقریب میں شریک ہوئے۔
وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ سمیت سیاسی شخصیات، وفاقی سیکرٹریز، غیرملکی سفراء و ہائی کمشنرز اور دیگر سول حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور کیڈٹس بھی شرکت ہوئے، سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جاپان، ترکی، چین اور دیگر ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کے حامل اعزازی گارڈز نے مارچ پاسٹ کیا۔ ملی نغموں کی دھنیں بکھیرتے جی ایچ کیو بینڈ نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، جی ایچ کیو بینڈ کی قیادت نائب صوبیدار محمد افضل نے کی۔
تقریب کے آغاز سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی۔