Saturday, May 4, 2024

جنرل ندیم رضا کی کینیا کی افواجی قیادت سے دوطرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو

جنرل ندیم رضا کی کینیا کی افواجی قیادت سے دوطرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو
March 3, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے دورہ کینیا کے موقع پر کینیا کی افواج کی قیادت سے دوطرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اپنے دورہ پر کینیا کی وزارت دفاع، تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے ملے۔

سکیورٹی اور دفاعی تعاون کے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق اُمور پر الگ الگ ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے دوست ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مضبوط اور بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دونوں ممالک باہمی روابط خصوصاً دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کے ذریعے بامعنی اور طویل المدتی اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دیں گے۔

کینیا کے معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغانستان میں امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ قبل ازیں کینیا ڈیفنس ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔