Wednesday, May 8, 2024

جنرل ندیم رضا کی وزیر دفاع آذربائیجان اور کمانڈر جنرل بحرینی نیشنل گارڈ سے ملاقاتیں

جنرل ندیم رضا کی وزیر دفاع آذربائیجان اور کمانڈر جنرل بحرینی نیشنل گارڈ سے ملاقاتیں
March 22, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف اور کمانڈر جنرل بحرینی نیشنل گارڈ شیخ محمد بن الساعۃ الخلیفہ سے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور برادر مسلم ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام فریقین نے دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں اور موجودہ علاقائی ماحول بالخصوص افغانستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

آنے والے معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر معززین کو پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔