Thursday, April 25, 2024

جنوبی پنجاب میں مون سون کے نئے اسپیل سے بننے والے سیلابی ریلے سیکڑوں بستیاں بہالے گئے

جنوبی پنجاب میں مون سون کے نئے اسپیل سے بننے والے سیلابی ریلے سیکڑوں بستیاں بہالے گئے
August 15, 2022 ویب ڈیسک

ڈیرہ غازی خان/تونسہ (92 نیوز) - جنوبی پنجاب میں تباہی نئی داستانیں رقم کرنے لگی، مون سون کے نئے اسپیل سے بننے والے سیلابی ریلے سیکڑوں بستیاں بہالے گئے۔

کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں طوفانی بارشوں سے ایک بار پھر رود کوہیوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس سے تونسہ شریف اور جام پور کے نشیبی علاقوں میں دوبارہ سے سیلاب آ گیا ہے- درہ کاہا سلطان سے ایک لاکھ 3 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزرنے سے کئی بستیاں زیر آب آ چکی ہیں۔ موضع بمبلی، بستی ڈھانڈلہ سمیت دیگر بستیوں میں سیلابی ریلا تباہی مچا کر آگے بڑھ رہا ہے۔

ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں سینکڑوں مکانات گر چکے ہیں، لوگ محفوظ مقامات پر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے متعدد علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے روجھان، فاضل پور اور راجن پور کی نشیبی آبادیوں کو بھی خطرہ ہے، جس پر لوگوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ کردیا، چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ریلیف کیمپوں میں ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔