Friday, March 29, 2024

جہانگیرترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اُٹھانا تھا، عمران خان

جہانگیرترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اُٹھانا تھا، عمران خان
May 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے جہانگیرترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اٹھانا تھا۔

پی ٹی آئی سربراہ نے انٹرویو میں کہا کہ علیم خان راوی پر 300 ایکڑ زمین خرید کر لیگل کرانا چاہتے تھے، وہیں سے ہمارے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں، ہمارے اداروں میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو کرپٹ افراد کا ساتھ دیتے ہیں، قوم تب تباہ ہوتی ہے جب چھوٹے چور پکڑلیں اور بڑے کو چھوڑ دیں۔

عمران خان نے امریکی سازش کے اپنے ہی بیانئے کی نفی کردی، کہتے ہیں انہیں جولائی میں ہی پتہ چل گیا تھا ن لیگ نے حکومت گرانے کا پروگرام بنایا ہوا ہے، یہ بھی کہا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین مجھ سے فائدہ اٹھانا چاہتے تھے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اکثریت کے بغیر پارلیمنٹ میں نہ بیٹھنے کا عندیہ بھی دے دیا۔ کہا کہ پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدار میں آؤں گا

چیئرمین تحریک انصاف نے وزیراعظم شہبازشریف پر کھل کر اور عدلیہ پر دبے الفاظ میں تنقید بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہیں، ہمارے اداروں میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جو ان کا ساتھ دیتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن ہار بھی جائیں ان کو ٹکٹ نہیں دیں گے جو ذاتی مفاد کے لیے سیاست میں آتے ہیں، ہمارا سسٹم ایسا بنا ہوا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پیسے چلتے ہیں۔