Friday, April 19, 2024

جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں، اپوزیشن نے صرف سیاسی دکان چمکائی ہوئی ہے، فواد چودھری

جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں، اپوزیشن نے صرف سیاسی دکان چمکائی ہوئی ہے، فواد چودھری
February 27, 2022 ویب ڈیسک

پنڈ دادن خان (92 نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن نے صرف سیاسی دکان چمکائی ہوئی ہے۔

فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 15 دن سے سن رہے ہیں عدم اعتماد آ رہی ہے۔ انہیں تو یہ نہیں پتا ان کا لیڈر کون ہے۔ صورتحال سے لگتا ہے مارچ کیلئے بندے بھی ہم کو دینا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا وزیر اعظم کے دورہ روس سے صرف انہیں پریشانی ہے جن کی دولت باہر ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہے ہیں۔ یوکرین،روس کشیدگی سے تیل اور اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

قبل ازیں فواد چودھری کا کہنا تھا عدم اعتماد کے لیے ہمارے 3 ایم این ایز کو پیسوں کی آفر کی گئی۔ پی ٹی آئی کے تین ارکان اسمبلی کو پیسے آفر کیے گئے۔ ہم ہارس ٹریڈنگ ہونے نہیں دیں گے۔ اپوزیشن والے عدم اعتماد نہیں لا سکیں گے۔ ویسے شہباز اور زرداری بیمار ہیں لیکن ملاقاتوں کیلئے ٹھیک ہیں۔ انہوں نے طے کیا کہ کون کتنے پیسے ڈالے گا تاکہ عدم اعتماد لائیں۔ ہماری معاملے پر پوری نظر ہے۔ یہ تحریک عدم اعتماد لائیں، سب پتا لگ جائے گا۔ ہم اگلے انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔