Friday, March 29, 2024

جہانگیر ترین گروپ کو اپوزیشن کے کارڈز سامنے آنے کا انتظار

جہانگیر ترین گروپ کو اپوزیشن کے کارڈز سامنے آنے کا انتظار
February 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) جہانگیر ترین گروپ کو اپوزیشن کے کارڈز سامنے آنے کا انتظار ہے، فی الحال پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے کا موقف اختیار کیا جائے گا۔

ملکی سیاسی صورتحال میں ہلچل ہے، ترین گروپ بھی متحرک ہو گیا، ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاس میں ترین گروپ سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ہونے والے رابطوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن کے بعد ترین گروپ کی بھی غیر رسمی مشاورت ہوئی، جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی کی آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کیلئے جہانگیر ترین کی لاہور میں رہائش گاہ پر بیٹھک ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے ہم خیال ارکان نے اپوزیشن اور حکومتی اتحادیوں کی ملاقاتوں پر گفتگو کی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ترین گروپ سے ملاقات کی خواہشمند ہے جہانگیر ترین نے صورتحال کا مزید جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔

ملاقات میں نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ ، عون چودھری،اسحاق خاکوانی ، فیصل حیات جبوانہ اور اجمل چیمہ،سلمان نعیم،لالہ طاہر اور خرم لغاری شریک ہوئے۔

ذرائع نے بتایاترین گروپ کے رہنماؤں کی جانب سے غیر حاضر دوستوں سے بھی ٹیلی فون پر مشاورت کی گئی، ارکان کو جہانگیر ترین کی حتمی پالیسی کا انتظار ہے فی الحال اراکین پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے کا مؤقف اختیار کریں گے۔

اپوزیشن کے حتمی کارڈز سامنے آنے کے بعد جہانگیر ترین اپنا لائحہ سامنے لائیں گے، ملاقات کے بعد تمام رہنماء ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلاجانے والا میچ دیکھنے قذافی اسٹیڈیم گئے۔

میڈیا ٹاک میں سیاسی گفتگو سے احتراز کیا۔