Sunday, September 8, 2024

جدید جنگی بحری جہاز پی این ایس طغرل، سی کنگ ہیلی کاپٹرز پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل

جدید جنگی بحری جہاز پی این ایس طغرل، سی کنگ ہیلی کاپٹرز پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل
January 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) جدید صلاحیتوں سے لیس جنگی بحری جہاز پی این ایس طغرل پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوگیا، 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز بھی بحری بیڑے میں شامل ہوگئے۔

تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد کی گئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

صدرمملکت عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم امن کے ساتھ رہنے کے خواہشمند ہیں، بھارت میں نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے کیونکہ اس کی دفاعی صلاحیت صرف اپنے قومی مفاد اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہے۔

نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے، چین کےساتھ اشتراک سے مزید 3 جہاز تیار ہورہے ہیں۔ 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز بھی پاک بحریہ میں شامل ہوئے ہیں، جس سے آبدوز شکن آپریشنز میں کئی گنا مدد ملے گی۔

پی این ایس طغرل پاکستان نیوی کے لئے تعمیر کیے جانے والے 4 ٹائپ 054 فریگیٹس میں سے پہلا جہاز ہے، یہ تکنیکی طور پر جدید صلاحیتوں کا حامل پلیٹ فارم ہے جس میں سطح آب، فضا اور زیر مار کرنے کے علاوہ نگرانی کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ پی این ایس طغرل جدید کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وار فئیر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے بھی لیس ہے۔

پی این ایس طغرل کی شمولیت سے پاکستان کا بحری دفاع مزید موثر ہوا ہے اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ تقریب میں 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز بھی پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں شامل کئے گئے۔