جڑانوالہ سانحہ، مساجد سے اشتعال انگیز اعلان کرنیوالا مرکزی ملزم گرفتار
جڑانوالہ (92 نیوز) - جڑانوالہ سانحے میں مساجد سے اشتعال انگیز اعلان کرنے والا مرکزی ملزم پکڑا گیا۔
مرکزی ملزم کے خلاف تھانہ سٹی جڑانوالہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس نے 128 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ فوٹیجز کی مدد سے دیگر ملزموں کی تلاش جاری ہے۔
سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال پھیلانے والے ملزمان کیخلاف بھی کارروائیاں کی گئیں، ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر کا ریکارڈ حاصل کر کے گرفتاری کیلئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے گئے، شہر میں تمام تعلیمی ادارے بند رہے، جی سی یونیورسٹی کے تحت تحصیل جڑانوالہ میں ہونے والا ایسوسی ایٹ ڈگری آرٹس، سائنس اور کامرس کا پہلا سالانہ امتحان ملتوی کر دیا گیا، کنٹرولر امتحانات کے مطابق امتحان کی اگلی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔ سائنسی طریقے سے تفتیش جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے بھی علاقے کا دورہ کیا۔ واقعات میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حالات کو پرامن رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنیوالے تمام ادارے متحرک ہیں۔