راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سالانہ انٹرنشپ پروگرام کی تقریب ہوئی، پاکستان بھر کی مختلف جامعات کے 370 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، ذات یاعقیدہ ایک دوسرے کے لیے برابر ہیں۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سپہ سالار نے ملک میں انارکی اور بدامنی پھیلانے کے لیے عوام میں عدم برداشت، بداعتمادی اور پرتشدد رویے پیدا کرنے کا ذکر کیا۔ آرمی چیف نے منفی رجحانات کو ہوا دینے کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو بھی اجاگر کیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا، کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی میں بہت زیادہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نوجوان، سچ، آدھا سچ، جھوٹ، غلط معلومات، اطلاعات میں فرق کو سمجھیں۔