Saturday, July 27, 2024

جڑانوالہ واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، دفتر خارجہ

جڑانوالہ واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، دفتر خارجہ
August 17, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ واقعے پر پورے ملک کے عوام دکھی ہیں، ملوث افراد کو کسی صورت بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔

جمعرات کے روز ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعہ کی مذمت کی، واقعے کی اعلی سطح کی تحقیقات جاری ہیں، کوئی کوتائی نہیں ہوگی۔

ممتاز زہرہ بلوچ بولیں کہ ملک میں سیاسی صورتحال پر پیشرفت بارے مختلف غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، گوادر میں 13 اگست کو دہشت گردی کا ہدف چینی شہری تھے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چینی شہریوں کا تحفظ کیا۔ دونوں ممالک کے تعلقات اس قسم کے واقعات سے متاثر نہیں ہوں گے۔ پاکستان تمام چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے بالخصوص جنوبی ایشیاء کا امن پاکستان اور امریکا دونوں کے مفاد میں ہے، پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ دہشتگردی سمیت تمام امور پر رابطوں میں ہے، امید ہے افغان حکام افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان بات چیت خوش آئند ہے، پاکستان باربار کہہ چکا ہے کہ افغانستان کے ساتھ امن چاہتے ہیں، دونوں ممالک ایک ہی مذہبی و ثقافتی رشتے میں بندھے ہیں، ہمیں افغانستان سے دہشتگردی پر شدید تشویش ہے، دہشتگردی دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کررہی ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا پاکستان، برکس تنظیم کا رکن ملک نہیں، برکس اہم بین الاقوامی گروپ ہے، برکس کا فورم عالمی امن، دوستی اور مذاکرات کو فروغ دے، ایسا فورم علاقائی امن و امان کے لئے کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں موجودہ حالات پر اقوام عالم کے سامنے کشمیریوں کی آواز بنے رہیں گے۔ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہماری کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرے، بھارت ایسا ماحول فراہم کرے جہاں کھلاڑی اپنی جان کے خوف کے بغیر کھیل سکیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا سفیر سائرس سجاد قاضی نے نئے سیکرٹری خارجہ کا چارج سنبھال لیا، سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان عہدے سے سبکدوش ہوگئے، سائرس سجاد قاضی ترکی، نئی دہلی اور مختلف ممالک میں سفیر رہے، اسد مجید خان نے ملک کے لئے بیش بہا خدمات سر انجام دیں۔