Sunday, September 8, 2024

جڑانوالہ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

جڑانوالہ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب
August 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہے کہ جڑانوالہ میں جلائے گئے گرجا گھروں کو جلدازجلد اصل حالت میں بحال کیا جائے۔ متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد دی جائیگی،شرپسندوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، ذمہ دار بچ نہیں سکیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ دار بچ نہیں سکیں گے، شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، تباہ ہونے والے گرجاگھر جلد بحال کئے جائیں گے اور متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کی جائے گی، انہوں نے یہ یقین دہانیاں مسیحی برادری کے وفد سے گفتگو میں کرائی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے، قائداعظم ؒ کے پاکستان میں ایسے افسوسناک واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا مسیحی برادری کے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، مستقبل میں ایسے سانحہ کو روکنے کیلئے سب کو ملکر موثر اقدامات کرنا ہونگے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اس سے قبل تھانہ لوئر مال کا دورہ کیا، تھانے کے مختلف شعبے دیکھے، چھت اور بیسمنٹ کا بھی معائنہ کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے لاہور میں سبکدوش ہونے والے امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے الوداعی ملاقات کی،، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، امریکی قونصل جنرل نے پنجاب اور پنجاب کے عوام کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔