Wednesday, May 8, 2024

جب ثبوت نہیں ہوتے تو پھر مہلت مانگی جاتی ہے، مریم نواز

جب ثبوت نہیں ہوتے تو پھر مہلت مانگی جاتی ہے، مریم نواز
February 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مریم نواز نے نیب کی جانب سے مہلت مانگنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا جب ثبوت نہیں ہوتے تو پھر مہلت مانگی جاتی ہے۔

مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے تیسرا پروسیکیوٹر تبدیل کیا۔ پہلے نیب کو کورونا ہو گیا اب چار ہفتے مانگ لیے۔ ثبوت نہیں ہیں تو آپ کو کورونا بھی ہو گا اور وقت بھی مانگیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کچھ دن سے جو ہورہا اس سے مشرف کے آخری دن یاد آرہے ہیں۔ ان میں اتنا ظرف نہیں کہ تنقید برداشت کریں۔ عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آرہا ہے۔ محسن بیگ اپوزیشن پر تنقید کرتے تھے تب تو وہ بہت اچھے تھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان جس ملک میں جاتے ہیں پاکستان کا نام خراب کرتے ہیں۔ نوشکی میں ہماری فوجی شہید ہورہے تھے اور یہ چین میں اولمپکس دیکھ رہے تھے۔ عمران خان کو فی الحال وزیراعظم ہائوس کے کسی کمرے میں بند کر دینا چاہیے تھا۔ معیشت کے علاوہ خارجہ پالیسی بھی تباہ کر دی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک ایک دن میں پاکستان ایک ایک سال پیچھے جارہا ہے۔ ایک جھٹکے میں پٹرول کی قیمت میں 13 روپے اضافہ کیا گیا۔ ان کا کچن کوئی اور چلاتا ہے ان کو مہنگائی کا نہیں پتہ۔ عوام اپوزیشن کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ ان کو تباہی سے نجات دلائے۔ اپوزیشن اس وقت ردعمل نہیں دکھائے گی تو اس تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہو گی۔