Friday, April 19, 2024

جاوید میانداد اور شاہد آفریدی میں صلح ہو گئی

جاوید میانداد اور شاہد آفریدی میں صلح ہو گئی
October 16, 2016
کراچی (92نیوز) سابق لیجنڈری بلے باز اور کپتان جاوید میانداد اور اپنی تیزرفتار بیٹنگ کی وجہ سے پہچانے جانے والے شاہد آفریدی کے درمیان چند روز قبل شروع ہونے والا تنازع برابری پر ختم ہو گیا۔ دونوں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ مٹھائی اور مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا اور معاملہ رفع دفع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق الواداعی میچ دو سابق کپتانوں کے درمیان وجہ تنازع بن گیا تھا۔ جارح مزاج بلے باز شاہد خان آفریدی کو ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے دوران بتایا گیا کہ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ آفریدی کو اب کوئی نہیں پوچھتا جس پر لالہ جی غصے میں آ گئے اور بولے کہ میانداد کو ہمیشہ پیسوں کا ہی مسئلہ رہا ہے۔ عمران خان اور ان میں یہی فرق تھا۔ شاہد آفریدی کی اس گگلی کا جواب جاوید میانداد نے بھی اسی انداز میں دیا جیسے انہوں نے شارجہ میں بھارت کو چھکا لگا کر دیا۔ کہا کہ وہ گواہ ہیں کہ آفریدی نے میچ بیچے۔ معاملہ بڑھا تو ثالثی کے لیے بھی کوششیں شروع ہوئیں۔ اسی دوران آفریدی نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ انہوں نے جو کچھ کہا انہیں اس پر افسوس ہے لیکن میانداد کی جانب سے میچ فکسنگ کے الزام پر انہوں نے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ جاوید میانداد نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے بڑے پن کا مظاہرہ کیا اور آفریدی کو معاف کر دیا جسے سب نے سراہا۔ شاہد آفریدی اس کے باوجود عدالت جانے کا کہتے رہے تاہم گورنر سندھ اور بعض دوستوں کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ ماضی کے دونوں کپتان ملے۔ کہا سنا معاف کیا اور مٹھائی کھلا کر الزامات کی کڑواہٹ کو ختم کر دیا۔