Tuesday, April 23, 2024

جاپانی بحری جہاز کا دورہ کراچی، پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق

جاپانی بحری جہاز کا دورہ کراچی، پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق
June 24, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (JMSDF) کے جہاز HARUSAME نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا۔ جہاز کی آمد پر پاک بحریہ کے حکام نے اس کا استقبال کیا۔

پاک بحریہ اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (JMSDF) امن کے قیام میں شراکت دار ہیں اور خطے میں محفوظ سمندری ماحول کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ جاپانی جہاز کے دورے میں پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھارنے اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے سمندر میں بحری مشقیں شامل ہیں۔

جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے جہاز پر موجود جاپانی مشن کمانڈر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاک بحریہ نے حکومتی پالیسیوں کے مطابق کھلے سمندروں میں تحفظ، سلامتی اور نیوی گیشن کی آزادی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جاپانی بحریہ کے جہاز کے دورہ کراچی اور دو طرفہ مشترکہ مشقوں میں شرکت پاک بحریہ کی علاقائی امن کے لیے کام کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس دورے سے دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔