Friday, April 19, 2024

جاپان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، کینیڈا میں طوفان فیونا کے باعث ہائی الرٹ جاری

جاپان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، کینیڈا میں طوفان فیونا کے باعث ہائی الرٹ جاری
September 24, 2022 ویب ڈیسک

شی زوکا/ کیوبک (92 نیوز) - جاپان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، وسطی جاپان کےعلاقے شی زوکا میں دریا میں سلاب آنے سے سڑکیں تباہ، ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا، کینیڈا میں 125 میل فی گھنٹہ کی رفتارسے چلنے والے طوفان فیونا کے باعث ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔

جاپان میں طوفانی بارشوں سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے، وسطی جاپان کے علاقوں میں سب سے زیادہ تباہی مچی جہاں موسلادھار بارش کےبعد دریا میں سیلاب آگیا۔ گھر، سڑکیں، پارک اور دیگرمقامات پانی میں ڈوب گئے۔

شی زوکا شہر میں کئی مقامات سے دریا کے کنارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے، سڑکیں تباہ ہوگئیں جبکہ ریلوے لائنوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔ کئی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کے بعد شاہراہوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کو شدید نوعیت کےسمندری طوفان کا خطرہ درپیش ہے، مقامی میڈٰیا کے مطابق سمندری طوفان فیونا کے باعث 125 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ طوفان فیونا برمودا سے آگے بڑھ گیا چکا ہے اور اب اس کا رخ نووا اسکاٹیا صوبے کی طرف ہے جہاں حکام نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

طوفانی ہواؤں کے باعث برمودا میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے ہیں، طوفان سے اٹلانٹک کینیڈا اور صوبے کیوبک کے مشرقی علاقے شدید متاثر ہونے کا خطرہ ہے جہاں حکام نے وارننگ جاری کردی ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سمندری طوفان فیونا پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔