Saturday, August 13, 2022

جاپان کے شہر ہیرو شیما پر امریکی ایٹم بم کے حملے کو 77 سال مکمل

جاپان کے شہر ہیرو شیما پر امریکی ایٹم بم کے حملے کو 77 سال مکمل
August 6, 2022 ویب ڈیسک

ہیرو شیما (92 نیوز) - جاپان کے شہر ہیرو شیما پر امریکی ایٹم بم کے حملے کو 77 سال مکمل ہو گئے۔ ایٹمی حملے کی یاد گار پر حملے کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی۔

جاپان کے شہر ہیرو شیما پر امریکی ایٹم بم کے حملے کو 77 سال مکمل ہو گئے، ایٹمی حملے کی یاد گار پر حملے کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد حملے کی یاد گار پر پہنچی۔ شہریوں نے حملے کی یاد گار پر پھول رکھے اور مرنے والوں کی یاد میں خاموشی اختیار کی۔

تقریب سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوتریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا دنیا بھر میں نیو کلئیر اسلحہ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ ہم ہیرو شیما اور ناگا ساکی سے حاصل کئے گئے سبق کو بھلا نہیں سکتے۔ انسانیت نیو کلئیر اسلحے کے حوالے سے بھری ہوئی گن سے کھیل رہی ہے۔

دوسری جنگ عظیم کے دوران امریکا نے جاپان کے شہر ہیرو شیما پر 6 اگست 1945 کی صبح ایٹم بم گرایا تھا، چند دنوں بعد 9 اگست 1945 کو دوسرے شہر ناگا ساکی پر بھی ایٹم بم گرایا گیا، حملے میں ہیرو شیما کے تقریبا 1 لاکھ 40 ہزار جبکہ ناگا ساکی کے 74 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھےـ حملے کے بعد جاپان نے گھٹنے ٹیک دئیے اور شکست تسلیم کر لی تھی۔