Wednesday, May 8, 2024

جاپان کے سابق وزیرِاعظم شنزوابے قاتلانہ حملے میں مارے گئے

جاپان کے سابق وزیرِاعظم شنزوابے قاتلانہ حملے میں مارے گئے
July 8, 2022 ویب ڈیسک

ٹوکیو (92 نیوز) – جاپان کے سابق وزیرِ اعظم شنزوابے قاتلانہ حملے میں مارے گئے۔

شنزوابے نارا شہر میں انتخابی مہم میں مصروف تھے، خطاب کرنے کی تیاری میں تھے کہ مبینہ طور پر پیچھے کھڑے شخص نے فائرنگ کردی۔ پہلی گولی نہ لگی لیکن دوسری گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

قاتلانہ حملے کے بعد سابق وزیراعظم کے دل اورتنفس نے کام چھوڑ دیا تھا۔ تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا۔ 20 قابل ترین ڈاکٹرز نے ان کا 4 گھنٹے تک علاج کیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

مقامی میڈیا کے مطابق فورسز نے ایک 41 سالہ مشتبہ شخص کو پکڑا ہے جس کی شناخت ٹیٹسویا یاماگامی کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار شخص 2002  سے 2005 تک میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کا حصہ بھی رہا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق یاماگامی سابق وزیراعظم شنزوابے کی پالیسیوں سے مطمئن نہیں تھا، ملزم نے گرفتاری کے دوران مزاحمت کی۔

جاپان کی جدید تاریخ میں پہلی بار قومی لیڈر پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، 67 سالہ شنزو آبے جاپان کے سب سے طویل عرصہ تک وزیر اعظم رہے ہیں، 2006  وہ پہلی بار وزیراعظم بنے لیکن ان کا اقتدار صرف ایک سال تک رہ سکا۔ 2012 میں دوبارہ منتخب ہوئے اور 2020 تک وہ وزارت عظمیٰ پر رہے۔ شنزو ابے نے صحت کی خرابی کی وجہ سے 2 سال قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔