Friday, April 19, 2024

جان سے مارنے کی سازش ہو رہی ہے، عمران خان کا دعویٰ

جان سے مارنے کی سازش ہو رہی ہے، عمران خان کا دعویٰ
May 14, 2022 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں انہیں جان مارنے کی سازش ہورہی ہے، ویڈیو بنا کر محفوظ کرلی ہے، جس میں ایک ایک کا نام ہے، مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو سامنے آجائے گی۔

ہفتہ کے روز سیالکوٹ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا نواز شریف جتنے بڑے بزدل تم ہو اتنی تمہاری پارٹی ہے۔ نواز شریف نے باہر جانے کے لیے بیمار ہونے کی ایکٹنگ کی، لندن میں بیٹھ کر حکومت کے خلاف سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ 30 سال تم نے اس ملک میں حکومت کی، ملک کا پیسہ لوٹا اور مقروض کیا۔ تمہارا چیری بلاسم شہباز شریف کہتا ہے کہ ہم بھکاری ہیں ہمیں غلام کرنا پڑے گی۔

عمران خان بولے کہ یہ سیاست نہیں انقلاب کا سفر ہے، کوئی اسے نہیں روک سکتا۔ نواز شریف تم اور تھری اسٹوجز سن لو آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بند کمروں کے اندر ملک سے باہر اور ملک کے اندر سازش ہو رہی ہے، سازش ہورہی ہے کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔

میں نے ساڑھے تین سال میں پوری کوشش کی کہ جو ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو سزائیں ہوں، وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں جدھر چھوٹا جیل میں جاتا ہے اور طاقتور آزاد پھرتا ہے۔ طاقتور اور بااثر لوگ اس ملک میں کرپشن کو برا نہیں سمجھتے۔ سیالکوٹ والو! اسلام آباد آنے کے لیے تیاری کرو، سب تیار ہو جاؤ،اب عوام کا سمندر آنے والا ہے اسلام آباد۔