Friday, April 19, 2024

جموں کشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہو گا : ملیحہ لودھی

جموں کشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہو گا : ملیحہ لودھی
September 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کے بیانات پاکستان سے بغض کو ظاہر کرتے ہیں۔ جموں کشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہوگا۔ دوسری طرف جنیوا میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ظلم وستم کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کی ایک کڑی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھارت کے مکروہ چہرے سے پردہ اٹھادیا۔ جھوٹے پروپیگنڈے کے جواب میں بھارت کا کچھا چٹھہ کھول دیا۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا اڑی حملہ عالمی دنیا کی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے توجہ ہٹانا تھا۔ مقبوضہ کشمیر اٹوٹ انگ کا راگ الاپنے سے حقیقت بدل نہیں سکتی۔ بھارت ہمسایہ ملکوں میں دہشت گردی کی معاونت کرتا رہا ہے جس کی مثال بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو ہے جس نے قبول کیا ہے کہ اسے بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کا مشن سونپا تاکہ وہ خاص طور پر بلوچستان اور قبائلی علاقوں کو غیرمستحکم کرے۔ ملیحہ لودھی نے کہا مقبوضہ کشمیر میں 100 سے زائد کشمیری شہید اور سیکڑوں بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا پاکستان بھارت کے ساتھ بات کرنے میں سنجیدہ ہے۔ مذاکرات خطے کی سلامتی اور امن کے لیے ضروری ہیں جب کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات کا حامی ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھی بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ دوسری طرف جنیوا میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم وستم کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کی ایک کڑی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا واحد حل آزاد اور منصفانہ رائے شماری ہے۔