Friday, April 19, 2024

لوٹی دولت کی واپسی تک پیچھا نہیں چھوڑوں گا، وزیراعظم

لوٹی دولت کی واپسی تک پیچھا نہیں چھوڑوں گا، وزیراعظم
February 18, 2022 ویب ڈیسک

منڈی بہاؤالدین (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوٹی دولت کی واپسی تک پیچھا نہیں چھوڑوں گا، شریف خاندان جو بھی کرلے کپتان مقابلہ کرے گا۔

منڈی بہاؤالدین میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا جب تک زندہ ہوں، ان چوروں کا مقابلہ کروں گا اور قوم کا پیسہ واپس لاؤں گا۔ کہا کہ میری ان چوروں سے ذاتی دشمنی نہیں لیکن اپنے ملک کو عظیم ملک دیکھنا چاہتا ہوں اس لیے ان کا مقابلہ کررہا ہوں۔ شہبازشریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کچھ بھی کرو گے کپتان تیار بیٹھا ہے۔

عمران خان بولے کہ یہ سیاستدان نہیں مافیاز ہیں، عوام کے ساتھ مل کر ان کا مقابلہ کریں گے، میں نے سپریم کورٹ میں کھڑے ہوکر ثابت کیا کہ میں صادق اور امین ہوں، بھگوڑے میاں کے دو بیٹے بھی باہر بیٹھے ہیں۔ فضل الرحمٰن کو مولانا نہیں کہوں گا، 30 سال بعد یہ واحد حکومت ہے جو ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کبھی کسی کی دوسری مرتبہ حکومت نہیں آئی، کے پی میں دوسری مرتبہ تحریک انصاف کو دوتہائی سے زائد اکثریت ملی۔

وزیراعظم نے کہا مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف پر رکھی گئی، جو بھی حضوراکرمﷺ کے حکم پر چلے گا وہ معاشرہ خوشحال ہوگا۔ اچھے برے کی تمیز ختم ہوجائے تو قوم تباہ ہو جاتی ہے۔ معاشرے نے آگے بڑھنا ہے تو اچھے برے کی تمیز کرنا ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی ہے، امریکا اور برطانیہ میں ریکارڈ مہنگائی ہوئی، ہم نے عوام پر ٹیکسز اور ڈیوٹی میں کمی کی، باہر سے آنے والی اشیاء کی قیمتیں ڈبل ہوگئی ہیں۔ صحافی یہ بھی بتایا کریں مہنگائی کی وجوہات کیا ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے دور میں زیادہ مہنگائی تھی۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آج ملک درست سمت میں جا رہا ہے، اوورسیز پاکستانی ریکارڈ پیسہ ملک میں بھیج رہے ہیں، ہم نے پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا۔ ہماری حکومت میں کسانوں کی ریکارڈ آمدن ہوئی۔