Tuesday, April 16, 2024

پرویز خٹک کا مسلح گارڈزکے ساتھ اسلام آباد جانا مشکل

پرویز خٹک کا مسلح گارڈزکے ساتھ اسلام آباد جانا مشکل
October 29, 2016
پشاور(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سمیت صوبائی وزراء کا مسلح محافظوں سمیت اسلام آباد جانا مشکل ہو گیا، اسلام آباد میں سرکاری کام کے بغیر جانے والوں کو مسلح محافظ ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ تفصیلات کےمطابق وزارت داخلہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور صوبائی وزراء کے مسلح گارڈز کے ساتھ اسلام آباد جانے پر پابندی لگا دی تو وزیروں نے صوابی میں مسلح گارڈز کے ساتھ پراؤ ڈال دیا ، وفاقی حکومت نے آئی جی پی خیبر پختونخوا کے مراسلے کے جواب میں واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ اگر احتجاج میں شرکت کے لئے جائیں گےتو انہیں گارڈ رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ صوبائی وزراء کو ذاتی یا سرکاری گارڈز رکھنے کی قانوناً اجازت ہے مگر وفاقی حکومت  کے بقول مسلح گارڈز رکھنے کی اجازت محض سرکاری کام کے کے لئے آنے والی شخصیات کو ہی ہو گی ۔ اسلام آبد میں نافذ دفعہ 144 کا اطلاق اسلام آباد آنے والے ان صوبائی وزراء پر بھی ہوگا جو ذاتی یا سرکاری محافظوں کے ساتھ صوابی انٹر چینج پر نظر آرہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزراء مسلح محافظوں کو لے کر اکیلے نہیں بلکہ کارکنوں کے قافلوں کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے تو انہیں روکنا مشکل ہوگا، پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بارڈر پر کارکنوں کو جمع رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں کسی بھی وقت اسلام آباد طلب کیا جا سکے۔