Wednesday, May 8, 2024

اسلامک فائنانس سالانہ 11 فیصد کے حساب سے ترقی کر رہا ہے : برطانوی سفیر

اسلامک فائنانس سالانہ 11 فیصد کے حساب سے ترقی کر رہا ہے : برطانوی سفیر
October 14, 2016
کراچی (92نیوز) برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بلینڈا لوئیس کا کہنا ہے کہ اسلامک فائنانس سالانہ 11 فیصد کے حساب سے ترقی کر رہا ہے جس میں برطانوی سرمایہ کاروں کی خاصی دلچسپی ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بلینڈا لوئیس کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے پر پہنچیں تو روایتی انداز سے گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اسلامک فائنانس سالانہ 11 فیصد کے حساب سے ترقی کر رہا ہے جس میں برطانوی سرمایہ کاروں کی خاصی دلچسپی ہے۔ پاکستانی حکومت بھی اسلامک فائنانس کے فروغ میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے برطانوی اعلی وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بلینڈا لوئیس کا کہنا تھا کہ برطانوی سرمایہ کار دوطرفہ تجارت اور مالیاتی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں اسٹاک ایکس چینجوں کو یکجا کر کے اسے ایک مستحکم ادارے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے جو ایک مثبت قدم ہے۔ اس اعتماد کی وجہ سے حکومت ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز جاری کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ مارکیٹ کا اسلامک پراڈکٹس کا 30 سالہ ریکارڈ دیکھ کر مجھے حیرت ہے۔